پاک سعودیہ دفاعی معاہدوں پر ملک گیر یوم تشکر، نماز جمعہ میں خصوصی دعائیں

 — اسکرین گریب: پی ٹی وی نیوز

لاہور (آئی آر کے نیوز): پاک سعودیہ دفاعی معاہدوں کی خوشی میں جمعہ کو ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا، نماز جمعہ کے اجتماعات میں پاکستان اور سعودی عرب کی سلامتی اور خوشحال کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان رواں ہفتے ہونے والے دفاعی معاہدوں کی خوشی میں جمعہ کو ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا، اس موقع پر نماز جمعہ کے اجتماعات میں دفاعی معاہدوں کی کامیابی اور دونوں ملکوں کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

لاہور میں منعقدہ یوم تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی اور چیئرمین مجلس علما پاکستان مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہاکہ پاک سعودیہ دفاعی معاہدہ عظیم معاہدہ ہے، اس معاہدہ پر پوری قوم یوم تشکر منا رہی ہے۔

مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہاکہ خادم الحرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کو سلام پیش کرتا ہوں، حرمین شریفین سے ہمارا رشتہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے، حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

عبد الخبیر آزاد نے کہاکہ وہ وقت آگیا ہے کہ اللہ نے ہمیں اپنے برادر ملک سعودی عرب اورپاکستان کا ساتھ کھڑا کیا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیرحق کے پرچم کو لہراتے ہوئے مودی کےآگے سیسہ پلائی دیوار بن گئے، ہم نے 3 گھنٹے بھارت کا چہرہ خاک میں ملا کربتا دیا کہ ہم نعرہ تکبیر اور اللہ اکبروالے ہیں۔

عبد الخبیر آزاد نے کہاکہ پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ جو معاہدہ کیا ہے اس پر اسرائیل پریشان ہے، معاہدے سے پاکستان کا پرچم مزید بلند ہوگیا ہے۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو بتا دینا چاہتا ہوں پاکستان کا بچہ بچہ حرمین شریفین کا تحفظ کرے گا، دشمن قوتوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں باطل مٹے گا اور حق بلند ہوگا۔

انہوں نے ریاست پر حملہ کرنے والوں کو گناہ کبیرہ کے مرتکب قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان کے لیے ملک میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، فتنۃ الخوارج اور دشمن قوتوں کو چلنے نہیں دیں گے۔

دریں اثنا، پشاور کی تاریخ مسجد مہابت خان میں بھی یوم تشکر کے حوالے سے خصوصی دعا کی گئی، اس موقع پر چیف خطیب مولانا طیب محمد قریشی نے ملک کی سلامتی کے لیے دعا کرائی۔

مولانا طیب قریشی نے کہاکہ ہمیں فخر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حرمین شریفین کی حفاظت کے لیے پاکستان کا انتخاب کیا، دشمن سن لے پاکستان کیلئے مکہ اور مدینہ سے پیغام آچکا ہے، آج کا دن دو قومی نظریے کی تصدیق ہے، قوم فوج اور ریاست کے ساتھ کھڑی ہوجائے۔

جدید تر اس سے پرانی