اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پاکستان تحریک انصاف کی عوامی اسمبلی نے 8 ستمبر کو بلوچستان میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی حمایت کردی۔
پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ایوان سے باہر اپنی عوامی اسمبلی لگائی۔ اس موقع پر محمود خان اچکزئی اور اختر مینگل کی جانب سے 8 ستمبر کو بلوچستان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پر پی ٹی آئی نے اپنی حمایت کا اعلان کردیا۔
تحریک انصاف کی عوامی اسمبلی نے جسٹس اطہر من اللہ کی تقریر کی بھی حمایت کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں افغان شہریوں کے انخلا میں توسیع کرنے کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔
بیرسٹر گوہر
اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے قرارداد پیش کی، جس کے مطابق عوامی اسمبلی ہائبرڈ نظام کو ماورائے عدالت سمجھ کر مسترد کرتی ہے۔ 26 ویں ترمیم کے خلاف دائر پٹیشنز فل کورٹ سے سنی جائیں ۔ ہم پریس کو چوتھا ستون سمجھتے ہیں، آزاد رائے پر پابندی ختم کی جائے ۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ٍافغانیوں کے انخلا کو روکا جائے۔
پی ٹی آئی کی عوامی اسمبلی میں ارکان نے اس قرارداد کو اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تمام ارکان قومی اسمبلی آج سے اپنے سیلاب متاثرین کی مدد کو پہنچیں۔
قبل ازیں قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا، جس میں پی ٹی آئی کے ارکان بیرسٹر گوہر کی قیادت میں اسمبلی کا بائیکاٹ کرکے باہر آ گئے اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی۔ ایوان کے باہر پی ٹی آئی نے اپنی عوامی اسمبلی لگائی، جس میں اسد قیصر نے سب سے پہلے ساجد مہمند کو بولنے کی اجازت دی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی 8 اسپیکر خطاب کریں گے۔
عاطف خان
پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق اسمبلی عوام کی بہتری کے لیے فیصلے کرتی ہے جب کہ عوام کی بھلائی کے لیے کوئی قانون نہیں بنایا گیا ۔ 1200 ارب روپے کی کرپشن معاف کروائی گئی۔ یہ آئینی ترمیم عدلیہ کو دبانے کے لیے لاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں سچ نہیں بولنے دیا جاتا ،عدالتوں کو لکھے ہوئے فیصلے بھیج دیے جاتے ہیں ۔ بانی پی ٹی آئی کو گھریلو استعمال کی چیزیں نہیں دی جا رہیں۔ کئی ماہ سے انہیں اپنے بیٹوں سے بات نہیں کرنے دی گئی ۔ بشریٰ بی بی کے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے۔
اسد قیصر
اسد قیصر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں جو دھماکے ہوئے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ کل جو اطہر من اللہ نے کراچی میں خطاب کیا، اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔ ان کا جو مؤقف ہے، عوامی اسمبلی اس کے ساتھ ہے۔
عامر ڈوگر
عامر ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہائبرڈ نظام کی باتیں کی جارہی ہیں ۔ ہائبرڈ نظام شخصی حکومت ہوتی ہے جس میں کوئی انصاف نہیں ہوتا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے اراکین اور کارکنوں کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی اور دیگر اسیران کو رہا کیا جائے ۔ ٹک ٹاکر وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کو محصور کررکھا ہے۔ 3 لاکھ لوگ ملتان میں گھروں سے باہر ہیں، انہیں فوری امداد پہنچائی جائے۔ بانی کی مقبولیت دیکھنی ہے تو سیلاب کی اس گھڑی میں انہیں فون کرنے کی اجازت دی جائے ۔ عمران خان کی کال پر دنیا اربوں روپے کی امداد دے گی۔
علی محمد خان
علی محمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 180 سیٹوں والے ایوان سے باہر اور 17 سیٹوں والے ایوان کے اندر ہیں ۔ بانی پی ٹی آئی نے ایبسلوٹلی ناٹ پاکستان کے دفاع کے لیے کہا تھا ۔ بھارت کے ساتھ جنگ میں عمران خان نے کال کوٹھری سے لڑائی لڑی۔ کیا دفاع کرنا صرف فوج کا کام ہے یا عوام کا۔ جنگیں فوج نہیں بلکہ عوام لڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگوں کو سیاست کرنے دی جائے ۔ بانی پی ٹی آئی نے افغانستان میں زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ افغانوں کی نقل مکانی کو زلزلے کے دوران روکا جائے ۔ اس وقت سپریم کورٹ اور باقی عدالتیں محصور ہیں۔