اگر ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی تو امریکا اسرائیل کے دفاع کے لیے تیار ہے: ٹرمپ

 

واشنگٹن (آئی آر کے نیوز): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل پر ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی تو امریکا اسرائیل کے دفاع کے لیے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی نشریاتی ادارے ’فاکس نیوز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انہیں اسرائیلی کارروائی کے بارے میں پیشگی اطلاع دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے پاس ایٹم بم نہیں ہونا چاہیے اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ مذاکرات کی میز پر واپس آئے۔

ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ ایران اپنے جوہری پروگرام پر نظرِ ثانی کرے گا اور امریکا کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اختیار کرے گا۔

امریکی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ایران نے جوابی کارروائی کی تو امریکا، اسرائیل کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ کی انتظامیہ نے مشرقِ وسطیٰ کے ایک اہم اتحادی ملک کو پیشگی اطلاع دی تھی کہ اسرائیلی کارروائی ہونے والی ہے، تاہم یہ بھی واضح کیا گیا کہ امریکا اس حملے میں شریک نہیں تھا۔

اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بیان دیا تھا کہ امریکا، ایران پر حملوں میں شامل نہیں ہے اور اس کی اولین ترجیح خطے میں موجود امریکی افواج کا تحفظ ہے۔

 

فاکس نیوز نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ ٹرمپ قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں جمعے کی صبح شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے جمعے کے روز ایران پر فضائی حملوں کی ایک بڑی کارروائی کی، جس میں 100 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں جوہری اور عسکری مقامات شامل تھے۔

جدید تر اس سے پرانی