اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): اسلام آباد میں قتل کی گئی ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قاتل سے پولیس تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آگئے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے مبینہ قاتل کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے مبینہ قاتل عمر کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ اور شناخت پریڈ کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے ملزم عمرحیات کی شناخت پریڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو جیل بھیج دیا۔
دوسری جانب ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قاتل سے دوران تحقیقات اہم انکشافات سامنے آگئے، پولیس ذرائع کے مطابق ملزم عمر حیات کرائے کی فارچونر پر فیصل آباد سے اسلام آباد پہنچا تھا، عمر حیات نے فارچونر گاڑی کا کرایہ بھی ادا نہیں کیا، رینٹ اے کار کا مالک بھی ملزم کی گرفتاری کے بعد پیسے لینے آگیا تاہم ملزم کی جیب سے صرف چند سو روپے نکلے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم خود کو لینڈ لارڈ کا بیٹا کہلاتا تھا جبکہ اسکا والد گریڈ 16کا ریٹائرڈ ملازم ہے، مقتولہ کی سالگرہ پر ملزم کیک اور تحائف لے کر اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 پہنچا تو ثنا یوسف نے ملنے سے انکار کردیا تھا، 2جون کو ملزم دوبارہ ثناء یوسف کے گھر پہنچا۔
ملزم نے بیان دیاکہ قتل کے بعد بائیک رائیڈ بک کی، بائیک سے اتر کر ٹیکسی پر لاری اڈہ پہنچا اور وہاں سے فیصل آباد کی بس میں گھر پہنچا۔