آرمی چیف اور امریکی صدر کی ملاقات کے دوران ایران، اسرائیل کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا: آئی ایس پی آر

 trump asim munir white house

راولپنڈی (آئی آر کے نیوز): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات کے دوران ایران، اسرائیل کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے ایران، اسرائیل تنازع کے حل پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس کے کیبنٹ روم میں ظہرانے پر ملاقات ہوئی، فیلڈ مارشل نے ظہرانے کے بعد اوول آفس کا بھی دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں امریکی سیکرٹری خارجہ مارکوروبیو، نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف اور پاکستان کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈمارشل نے پاک بھارت کشیدگی میں سیز فائر کے لیے امریکی صدر کے کردار کو سراہا اور صدر ٹرمپ کی قیادت اور عالمی برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیتوں کااعتراف کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدر ٹرمپ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، امریکی صدر نے دونوں ممالک کےدرمیان انسداد دہشت گردی کےمضبوط تعاون کی بھی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور امریکا نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ ملاقات میں تجارت سمیت پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری، کرپٹو کرنسی اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی صدر کا پاکستان ساتھ باہمی فائدہ مند تجارتی شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ایران اور اسرائیل کے درمیان موجودہ کشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں کا ایران اور اسرائیل کے تنازع کے حل پر زور دیا۔

 

جدید تر اس سے پرانی