ترک صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کو مشرق وسطیٰ کے امن و سلامتی کے لیے "سب سے بڑا خطرہ" قرار دے دیا

 Turkish President Recep Tayyip Erdogan and Prime Minister Benjamin Netanyahu

انقرہ (آئی آر کے نیوز): ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو مشرق وسطیٰ کے امن و سلامتی کے لیے ’سب سے بڑا خطرہ‘ قرار دے دیا۔

ترکی کے نشریاتی ادارے ’ٹی آر ٹی گلوبل‘ کے مطابق رجب طیب اردوان نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس کی تفصیلات ترکیہ کے صدارتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی گئیں۔

ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ اس خطے کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔

ترکی کے مواصلاتی ڈائریکٹوریٹ کے مطابق، اردوان نے کہا کہ وہ کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔

دوران گفتگو انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کے حالیہ حملوں کے بعد شروع ہونے والے تنازع پر ترکیہ بھرپور سفارتی روابط میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے غزہ میں جاری انسانی بحران اور نسل کشی کو پسِ پشت نہیں ڈال سکتے، خبردار کیا کہ ان واقعات کو شام تک پھیلنے نہیں دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملوں کے آغاز سے ہی طیب اردوان اسرائیل کے شدید ترین ناقدین میں شامل رہے ہیں، وہ اکثر اسرائیل کو دہشت گرد ریاست قرار دیتے ہیں اور نیتن یاہو کا موازنہ ہٹلر سے کرتے ہیں۔

جدید تر اس سے پرانی