پی پی 52 سیالکوٹ؛ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا

 حنا ارشد وڑائچ، تصویر سوشل میڈیا

اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا۔

تفصیلات کے مطابق پی پی 52 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں تمام 185 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق (ن) لیگ کی حنا ارشد وڑائچ نے 78 ہزار 419 ووٹ لےکر کامیابی حاصل کی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار فاخر نشاط گھمن 40 ہزار 37 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔

سمبڑیال میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 52 پر ضمنی الیکشن میں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پولنگ جاری رہی۔

تاہم اتوار کی چھٹی کے باوجود شدید گرمی کے باعث ووٹرز نے حق رائے دہی کے لیے گھروں سے نکلنے سے گریز کیا اور اور پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد کم رہی۔

پولنگ کے دوران خفیہ ووٹ کی خلاف ورزی سامنے آئی جب ایک ووٹر نے بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کے بعد تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی، حالانکہ بیلٹ پیپر کی تصویر لینا غیر قانونی عمل ہے۔

پولنگ کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے پولیس کی سرپرستی میں گنڈہ گردی کے الزامات عائد کیے گئے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی مسلم لیگ (ن) پر دھاندلی اور غنڈہ گردی کے الزامات عائد کیے گئے۔

تاہم، الیکشن کمیشن نے دھاندلی کے الزامات بے بنیاد اور انتظامیہ کی جانب سے مختلف پولنگ اسٹیشنز کو بند کرنے کی خبر کو سراسر جھوٹ قرار دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی حنا ارشد وڑائچ کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام خدمت کرنے والوں کو پہچان چکے ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’پی پی 52 ضمنی انتخاب میں کامیابی پر حنا ارشد وڑائچ کو مبار کباد، شکر الحمدُللّٰہ! اللّٰہ نے شاندار فتح عطا فرمائی‘۔

مریم نواز نے کہا کہ ’سمبڑیال کے عوام نے جس اعتماد کا مظاہرہ کیا اس پر پورا اتریں گے، (ن) لیگ کی کامیابی عوام کا حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام خدمت کرنے والوں اور فتنہ فساد پھیلانے والوں کو پہچان چکے، نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے، کوشش کروں گی کہ مزید محنت اور زیادہ لگن سے پنجاب کے عوام کی خدمت کروں۔

خیال رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ارشد جاوید وڑائچ کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

 

جدید تر اس سے پرانی