جان لیوا صورتحال؛ پنجاب میں شدید گرمی؛ پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا

 

لاہور (آئی آر کے نیوز): صوبہ پنجاب اس وقت شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز پنجاب کے شہر بھکر میں درجہ حرارت 50 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم میں صوبے کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ شدید موسمی حالات ایک وسیع ہیٹ ویو کا حصہ ہیں، جو 13 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو نورپور تھل میں درجہ حرارت 49 ڈگری جبکہ گوجرانوالہ، حافظ آباد، کروڑ (ضلع لیہ) اور منڈی بہاالدین میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

انتظامیہ کی جانب سے عوامی مقامات اور بس اڈوں پر پینے کا ٹھنڈا پانی فراہم کیا جا رہا ہے، ہسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک ایمرجنسی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں اور گرمی سے متعلق بیماریوں کے علاج کے لیے طبی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔

حکام نے متاثرہ علاقوں کے شہریوں کو سخت احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے اور مشورہ دیا ہے کہ وہ خاص طور پر دن 11 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے ایک آگاہی مہم چلا رہی ہے، جس میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہلکے رنگ کے ڈھیلے سوتی کپڑے پہنیں اور زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ یہ ایک جان لیوا صورتحال ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ کمزور طبقات کو خاص طور پر تحفظ دیا جانا چاہیے۔

جدید تر اس سے پرانی