اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): سیشن کورٹ لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کی سماعت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے وکیل نے شہباز شریف کے بیان پر جرح کرتے ہوئے سوال کیا کہ آپ نے دعوے میں پاناما کیس کا ذکر کیا ہے، اس کیس کے بارے میں کیا جانتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ محمد حسین چوٹیا صاحب بہت پروفیشنل ہیں، یہ بات پھر کہہ رہاہوں، مجھ پر بہت بڑا بد دیانتی کا الزام عائد کیا گیا تھا، 10 ارب روپے کا الزام لگایا گیا تھا، یہ سیدھا سا کیس ہے۔
وکیل نے کہا کہ آپ پاناما کیس کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟
شہباز شریف نے کہا کہ اخبارات میں پانامہ پیپرز کا ذکر آیا تھا، مجھے تفصیلات کا علم نہیں ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نے کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ کیا ہوا تھا؟
وزیراعظم شہباز شریف نے جواب دیا کہ پانامہ کیس میرے خلاف نہیں تھا، فیصلے کا علم نہیں ہے۔
عمران خان کے وکیل نے سوال کیا کہ پانامہ کیس میں فریق کون تھے؟
شہباز شریف نے جواب دیا کہ میں فریق نہیں تھا مگر یہ سب ریکارڈ کا حصہ ہے۔
وکیل نے کہا کہ پاناما کیس سپریم کورٹ میں مدعی بانی پی ٹی آئی عمران خان اور مدعا علیہ نواز شریف تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہوں گے مگر میں کیس کا فریق نہیں تھا، مجھے تفصیلات کا علم نہیں ہے۔
بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت 2 جون 2025 تک ملتوی کر دی۔