قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد سلمان خان نے سوشل میڈیا پر پہلا ردعمل دے دیا

قتل کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے سوشل میڈیا پر جم سے اپنی نئی تصاویر شیئر کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق شیئر کی گئی تصاویر میں سلمان خان ورزش کرتے نظر آ رہے ہیں، اداکار نے تصاویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’حوصلہ افزائی کے لیے شکریہ‘۔


سلمان خان کی حالیہ تصاویر پر صارفین مختلف تبصرے کرتے نظر آ رہے ہیں۔ کسی نے ان کی فٹنس کی تعریف کی تو کسی نے کہا کہ انہیں یقین ہی نہیں آ رہا کہ اداکار 69 سال کے ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کے معروف اداکار سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر جان سے ماردیے جانے کی دھمکی دی گئی ہے، دھمکی آمیز پیغام میں کہا گیا ہے کہ اداکار کو ان کے گھر میں قتل کر دیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کے قتل کی دھمکی ممبئی ٹریفک پولیس کے ہیلپ لائن کے واٹس ایپ نمبر پر دی گئی جس میں کہا گیا کہ اداکار کو ان کے گھر میں قتل کر دیں گے یا ان کی گاڑی میں بم رکھ کر اڑا دیں گے۔

پچھلے 2 سالوں میں یہ پانچویں بار ہے کہ اداکار کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ گزشتہ 2 برسوں کے دوران سلمان خان اور ان کے خاندان کے افراد، بشمول والد سلیم خان، کو متعدد بار جان سے مارنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔

 


جدید تر اس سے پرانی