کراچی (آئی آر کے نیوز): امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں زیادہ ریلیف ملنا چاہیے تھا، 7 اپریل کو مشاورت کے بعد ایک لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بجلی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں مگر یہ آغاز ہے اختتام نہیں ہے، دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں گزشتہ روز بھی 7 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے، تیل کی قیمت 5، 6 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہمارے ہاں قیمت کو کم نہیں کیا جارہا بلکہ ایک طرف پیٹرول کی قیمت، پھر اس پر ٹیکس اور پھر ایک لیوی جو پہلے 60 روپے تھی، پھر 70 روپے کردی اور اب کہتے ہیں 80 روپے کریں گے، اس طرح تو آپ ایک ہاتھ دے کر دوسرے سے لینے کی بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک پیٹرول سستا نہیں ہوگا، جب تک بجلی کی قیمت مزید کم نہیں ہوگی، تو صنعتیں کیسے چلیں گی اور عام آدمی کیسے پنپ سکے گا۔
حافظ نعیم نے کہا کہ ماضی میں جو کچھ ہوتا رہا اس میں ہر حکومت شامل رہی، (ن) لیگ، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم سمیت تمام حکومتوں نے آئی پی پیز کو مدد فراہم کی، پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو قوم کے سامنے لانا پڑے گا۔