
کوئٹہ (آئی آر کے نیوز): بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث مزید 2 جامعات نے غیر معینہ مدت کے لیے آن کیمپس کلاسز روک دی ہیں اور طلبہ کو ورچوئل کلاسز میں شرکت کی ہدایت کی ہے، جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر 3 جامعات میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ جامعات میں یونیورسٹی آف بلوچستان، سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف تربت شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ حالیہ حملوں اور سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ سبی کے قریب جعفر ایکسپریس کو دہشت گردوں کے ہائی جیک کرنے کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔
یونیورسٹی آف بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈینز اور سیکشنل ہیڈز کے ساتھ ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگلے احکامات تک تمام کیمپس ورچوئل لرننگ پر منتقل رہیں گے، نوٹی فکیشن میں فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔
سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی نے بھی اسی طرح کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ طلبہ رمضان کے دوران آن لائن کلاسز میں شرکت کریں گے۔
یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اجلاس میں منگل سے تعلیمی سرگرمیاں اور کلاسز معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔