اسلام آباد (آئی آر کے نیوز): حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر میں کمی کر دی، تاہم ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی جبکہ مٹی کا تیل ایک روپے 26 پیسے مہنگا کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا، کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 254 روپے 63 پیسے پر آگئی ہے تاہم، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 258 روپے 64 پیسے فی لیٹر پر برقرار ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے26 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا گیا، جس کے بعد یہ 169 روپے 38 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا، مٹی کے تیل پر 10 روپے 96 پیسے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی برقرار رہے گی۔
یہاں یہ بھی واضح رہے کہ 15 مارچ کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی تھیں، اور پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی 60 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 70 روپے فی لیٹر کر دی گئی تھی۔