ٹرمپ انتظامیہ کا بڑا فیصلہ؛ پاکستان سمیت 8 ممالک کی 70 کمپنیوں پر برآمدی پابندیاں عائد کر دیں

امریکا  نے پاکستان، چین، متحدہ عرب امارات، ایران، فرانس، سینیگال، برطانیہ اور افریقہ کی 70 کمپنیوں پر برآمدی پابندیاں عائد کر دی ہیں، جس میں 19 پاکستانی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ پابندی کا شکار ہونے والی ان کمپنیوں کی سرگرمیاں امریکہ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے مفادات کے منافی تھیں جس کی وجہ سے ٹرمپ انتظامیہ نے ان پر پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا۔

یاد رہے کہ یہ پابندیاں ایسے وقت میں لگائی گئی ہیں جب عالمی سطح پر تجارتی جنگ اور اسٹریٹیجک مقابلے میں اضافہ ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب امریکا  نے پاکستانی کمپنیوں پر اس نوعیت کی پابندیاں عائد کی ہوں۔ اس سے قبل 2024 میں امریکہ نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے منسلک کمپنیوں پر بھی ایسی ہی پابندیاں لگائی تھیں۔

اس کے علاوہ 2021میں بھی امریکا  نے پاکستان کی 13 کمپنیوں پر جوہری اور میزائل پروگرام میں معاونت کے الزامات لگا کر پابندیاں عائد کی تھیں۔ 2018 میں 7 پاکستانی انجینئرنگ کمپنیوں کو امریکی نگرانی کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق، امریکی پابندیاں نہ صرف پاکستان اور چین کی دفاعی اور تجارتی صنعت کو متاثر کر سکتی ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی اقتصادی کشیدگی کو بڑھا سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے تاحال سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں پاک-امریکا تجارتی تعلقات میں مزید تناؤ پیدا کر سکتی ہیں۔

 


جدید تر اس سے پرانی